ہانیہ عامر کو حلوہ کردار دیں گے تو وہ محنت نہیں کرے گی، اداکارہ ثانیہ سعید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی باصلاحیت، مایا ناز، معروف اداکارہ و میزبان ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ ہانیہ عامر ڈراموں میں ایک ہی طرح کا کردار ادا کر رہی ہیں انہیں معصوم لڑکی کا کردار دے دیا جاتا ہے جو روتی رہتی ہے۔
ثانیہ سعید نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر یقیناً بہتر کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ڈرامہ سیریل سنگ ماہ میں ان کا گل مینا کا کردار شاندار تھا۔ اس خاص کردار میں ان کی محنت صاف دیکھی جا سکتی ہے۔ اگر آپ ہانیہ عامر کو حلوہ کردار دیتے رہیں گے تو وہ محنت نہیں کریں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ہانیہ عامر کو کوئی چیلنجنگ کردار دیا جائے تو وہ سخت محنت کرتی ہیں۔
اداکارہ ثانیہ سعید نے سجل علی اور یمنا زیدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کردار بہت مختلف ہوتے ہیں انہوں نے ہمیشہ مختلف کرداروں کا انتخاب کیا ہے جبکہ ہانیہ عامر زیادہ تر ایک ہی طرح کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ ڈرامے میں نوجوانوں کے لیے کرداروں کا انتخاب اہم ہوتا ہے وہ مختلف اور اچھی کہانیوں کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے انہیں ایک جیسے کردار ہی دیے جاتے ہیں۔
ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ اب ڈرامے معاشرے کی اصلاح کی بجائے صرف پیسے کمانے کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں، اس لیے بامقصد ڈرامہ بنانا مشکل ہو گیا ہے۔
اداکارہ کے مطابق پاکستان میں 1990 میں بہترین ڈرامے بنے۔ ان ڈراموں میں معیوب سمجھے جانے والے موضوعات کو چھیڑا گیا، سوالات کیے گئے، مختلف زاویے دکھائے اور یہ سلسلہ 2000 تک بھی جاری رہا اور اس وقت تک بہترین ڈرامے بنتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سال 2000 کے اختتام پر کمائی اور چیزوں کے کمرشلائیزڈ ہونے سے پاکستانی ڈرامے کا بیڑا غرق ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *