اسلام آباد بشریٰ انصاری کو اداس کیوں کر دیتا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ پاکستان کا خوبصورت شہر اسلام آباد انہیں اداس کر دیتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اسلام آباد سے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر ایک ویلاگ اپلوڈ کیا جس میں انہوں نے اسلام آباد سے جڑی اپنی دردناک یادوں کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایک خوبصورت شہر ہے اور اس سے ان کی بہت سی یادیں جڑی ہوئی ہیں لیکن ان میں سے اکثر تکلیف دہ ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ اسلام آباد میں رہتی تھیں اور انہوں نے یہاں کام بھی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انہوں نے ایک خوفناک زندگی کا تجربہ کیا ہے۔ وہ بچوں کے سامنے تو ٹھیک رہتی تھیں لیکن بند کمرے میں چھپ کر روتی تھیں اور اپنے تمام درد بچوں سے چھپا رکھے تھے کیونکہ ان کے بچے حساس تھے۔
بشری انصاری نے بتایا کہ ان کی ایک بیٹی کو انزائٹی اٹیک ہوتے تھے۔ اور ان کی چھوٹی بیٹی کافی خاموش رہتی تھی۔ اداکارہ کے مطابق وہ اسلام آباد میں صرف 3 سال رہیں لیکن ان دردناک یادوں کو نہیں بھول سکتیں جن کا سامنا انہوں نے اسلام آباد میں رہ کر کیا۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری ایک لیجنڈ پاکستانی اداکارہ ہیں جو میڈیا انڈسٹری سے ایک طویل عرصے سے وابستہ ہیں۔ انہیں بیک وقت گلوکاری، تحریر اور میزبانی جیسی متعدد صلاحیتوں کے لیے بھی سراہا جاتا ہے۔ حال ہی میں کامیاب ہٹ ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں ان کی نیچرل اداکاری کو بے حد پسند کیا گیا۔
پاکستان کی اداکارہ بشریٰ انصاری بے پناہ ٹیلنٹ کی مظہر ہیں۔ وہ گانا، اداکاری اور لائیو پرفارم کر سکتی ہیں۔ ہر عمر کے لوگ ان سے محبت کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی لازوال اداکاری کے ذریعے مداحوں کو گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔
بشریٰ انصاری کے نام ان گنت ہٹ پروجیکٹس ہیں اور ان کے مداح ہمیشہ اس بات کے منتظر رہتے ہیں کہ وہ آگے کیا سائن کریں گی اور کس قسم کا کردار نبھائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *