کاش آپ’اووو‘ کرکے احتجاج کرلیتے، عطا تارڑ نے علی امین گنڈاپور کو یہ بات کیوں کہی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کی ’اووو‘ کرکے احتجاج کی بات کو حکومت اور اپوزیشن دونوں آگے بڑھا رہی ہیں۔
جمعرات کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب میں نرسنگ اور میڈیکل کالج قائم کرنے اعلان کیا اور کہا کہ اس سال یونیورسٹی آف پشاور کو 50 کروڑ روپے دینا میرا کام ہے، اگر میں نے پیسے نہیں دیے تو میرے خلاف ’اووو‘ کر کے احتجاج کریں۔
علی امین گنڈاپور کے اس مشورے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے ردعمل میں کہا کہ مہذب معاشروں میں احتجاج پرامن ہی ہوتا ہے، زندگی مفلوج نہیں ہوتی، علی امین گنڈاپور کا پہلی مرتبہ احتجاج کا درست اندازاپنانا قابل تحسین ہے،کاش 26 نومبر اور 9 مئی کو بھی جلاؤگھیراؤ کے بجائے اوو اوو کرکے احتجاج کرلیتے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ ایک تقریب سے خطاب کررہے ہیں، اور وہ کہہ رہے ہیں کہ دورہ جاپان کے موقع پر وہ جاپان کی ہونڈا فیکٹری میں جا رہے تھے، راستے میں انہیں ’اُووو اُووو‘ کی آوازیں آئیں تو میں میزبان سے پوچھنے والا تھا کہ آخر یہ آوازیں کیسی ہیں؟ لیکن پھر چپ ہو گیا اور نہیں پوچھا۔ پھر دوسری بار اووو کی آوازیں آئیں ، جب تیسری مرتبہ یہی آوازیں آئیں مجھ سے رہا نہ گیا تو میں نے میزبان سے پوچھا کہ یہ کیا ہورہا ہے تو انہوں نے بتایا کہ یہ ملازمین احتجاج کررہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ جاپان میں احتجاج کے موقع پر بھی کام نہیں رکا، پروڈکشن جاری رہی اور انہوں نے اپنا احتجاج ’اُووو اُووو‘ کرکے ریکارڈ کروایا لیکن پاکستان میں تو اسلام آباد پر لشکر کشی ہوجاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *