’میری قبر کا حساب دینا ہے تو بولیں ورنہ خاموش رہیں‘ نور بخاری کا ناقدین کو جواب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق اداکارہ نوربخاری نے ان کے حجاب کے انداز پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیا ہے کہ حجاب پہننا ان کا ذاتی انتخاب ہے، حجاب وہ لوگوں کے لیے نہیں کرتیں اس لیے ان کے انتخاب پر تبصرے کرنا بند کر دیں۔
مذہب کی خاطر شوبز کی دنیا کو خیرباد کہنے والی سابقہ اداکارہ نوربخاری نے اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں وہ کسی شادی کی تقریب میں شریک تھیں اور انہوں نے لباس سے میچ کرتا ہوا حجاب بھی پہنا ہوا تھا تاہم سوشل میڈیا صارفین کو ان کا انداز پسند نہ آیا اور تنقید شروع ہوگئی۔
صارفین کا کہنا تھا کہ یہ کس قسم کا حجاب ہے جس میں مردوں کی طرح پگڑی باندھی ہوئی ہے، کئی صارفین نے کہا کہ مذہب کا مذاق نہ بنائیں جبکہ چند صارفین نے سوال کیا کہ آخر حجاب ہے کدھر یہ تو آپ نے پگڑی باندھی ہوئی ہے۔
لوگوں کی تنقید کے بعد نور بخاری نے کمنٹس کا سلسلہ ہی بند کردیا اور انسٹاگرام اسٹوری پر خود پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا وہ حجاب پہنیں، پگڑی پہنیں یا دوپٹہ یہ آپ کا مسئلہ نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ ’اگر میری قبر کا حساب آپ نے دینا ہے تو بولیں ورنہ خاموش رہیں‘۔
واضح رہے کہ نور بخاری نے 2017 میں شوبز کو خیرباد کہہ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے شوبز چھوڑنے کی وجہ اسلام میں دلچسپی بتائی تھی۔ ان کے مداحوں نے ان کے اس اقدام کو خوب سراہا تھا، جس کے بعد نور بخاری حجاب میں اپنی تصاویر بھی شیئر کرتی رہی ہیں۔
سابقہ فلم سٹار و اداکارہ نور بخاری 4 شادیوں میں ناکامی کے بعد اب استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کی اہلیہ ہیں، ماضی میں نوربخاری شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام رہ چکی ہیں، انہوں نے بے شمار فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
نور بخاری کی پہلی شادی 2008 میں وکرم نامی بزنس مین سے ہوئی تھی لیکن 2 سال بعد انہوں نے طلاق لے لی تھی۔ نور کی دوسری شادی 2010 میں ہی فاروق مینگل سے ہوئی جو کہ ایک سال سے بھی کم عرصہ چل سکی، انہوں نے تیسری شادی عون چوہدری سے 2012 میں کی تھی لیکن وہ بھی صرف چند ماہ ہی چل سکی۔
نور بخاری کی چوتھی شادی بھی 2 سال سے کم عرصے تک چلی اور ستمبر 2017 میں ختم ہوگئی۔ اس کے بعد 2019 کے اختتام پر نور بخاری نے پانچویں شادی دوبارہ اپنے تیسرے شوہر یعنی عون چوہدری سے کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *