حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو: شوکت یوسفزئی نے خبردار کر دیا

پشاور(قدرت رورزنامہ )پی ٹی آئی کے رہنما شوکت یوسفزئی نے خبردار کیا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو۔
نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجا کی میڈیا پر لڑائی دیکھ کر افسوس ہوا، سینئر پارٹی قیادت پارٹی کے اندر ڈسپلن قائم کرے۔
حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو کیونکہ حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت اب بیک فٹ پر جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی پہلے ہی کہہ چکے کہ حکومت کے پاس اختیارات نہیں ہیں، اختیار ہے تو بانی پی ٹی آئی سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کیوں نہیں کرائی جاتی۔
انہوں نے مزید کہا اچھا ہوا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کر کے حکومت کو بے نقاب کر دیا، حکومت مذاکرات سے خوفزدہ لگ رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ کو اب سمجھ آ جانی چاہئے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ملک پر بوجھ ہیں۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ یہ اڑان پاکستان کی باتیں کر رہے ہیں لیکن پیسے کہاں ہیں، دو سال میں 27 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا، کیا اڑان پاکستان قرضوں سے چلے گا، وفاقی حکومت بتائے کہ 27 ہزار ارب روپے کہاں خرچ ہوئے، قوم کو حساب دے، ایک روپے کا ریلیف بھی عوام کو نہیں مل سکا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ پنجاب میں ترقی کا جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے، لیپ ٹاپ تقسیم کرنے سے عوام کے دل نہیں جیتے جاتے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *