مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کیلئے تیار ہوں لیکن کسی نے رابطہ نہیں کیا: ایاز صادق
اسلام آباد(قدرت روزنامہ )سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کے لئے تیار ہوں لیکن کسی نے رابطہ نہیں کیا۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیوںکا اجلاس طلب کرنے کےلئے اپوزیشن یاحکومت میں سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات حکومت نے کرانی ہے وہ میری ذمہ داری نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادی فیصلہ کر لیں کہ ملاقات ہو سکتی ہے یا نہیں، فریقین جب کہیں گے ایک دو روز کے نوٹس پر اجلاس بلانے کے لئے تیار ہوں۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ4 جنوری کو اسدقیصر کوواضح کیاتھاکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ حکومت تک پہنچا دیا ہے، رانا ثنا اللہ اور حکومت کے اکابرین سے تحریک انصاف کے رہنما براہ راست بھی بات کرسکتے ہیں۔