دریائے سندھ بچاؤ تحریک کا پنجاب، اسلام آباد جانیوالے راستے بند کرنے کی دھمکی
پیپلز پارٹی منافقت کی سیاست کر رہی ہے، ہمیں صدر زرداری کی زبانی باتوں پر اعتبار نہیں ہے
کراچی (قدرت روزنامہ)دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کیخلاف ”دریائے سندھ بچاؤ تحریک“ کی جانب سے حیدرآباد سے بیداری مارچ کا آغاز کردیا گیا، حیدرآباد سے میرپورخاص تک بیداری مارچ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔حیدرآباد ہٹڑی بائی پاس سے روانہ ہوئے مارچ کی قیادت مرکزی رہنما سید زین شاہ، ڈاکٹر صفدر عباسی، ایاز لطیف پلیجو و دیگر نے کی۔بیداری مارچ میں بڑی تعداد میں گاڑیوں میں کارکنان شریک ہیں، مارچ ٹنڈو جام، ٹنڈوالہ یار سے ہوتا میرپور خاص پہنچے گا۔
میرپور خاص میں دریائے سندھ بچاؤ تحریک کے مرکزی رہنما جسلہ عام سے خطاب کریں گے۔ڈاکٹر صفدر عباسی نے بیداری مارچ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایوان صدر نے گرین انیشٹو پروگرام کی منظوری دی ہے، پیپلز پارٹی منافقت کی سیاست کر رہی ہے، ہمیں صدر زرداری کی زبانی باتوں پر اعتبار نہیں ہے، عوام کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے، ہم اپنا دباؤ برقرار رکھیں گے۔
ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ سندھ حکومت سی سی آئی میں اس منصوبے کی مخالفت کرے۔اس موقع پر ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنے کا منصوبہ سندھ کی عوام کو قبول نہیں، اس منصوبے کے خلاف ہماری احتجاجی تحریک جاری ہے،
آج حیدرآباد سے میرپورخاص تک مارچ کر رہے ہیں، اس وقت ملک پر بیرونی دباؤ ہے مگر لیڈرشپ عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست کر رہی ہے، اگر دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کا پلان واپس نہ ہوا تو احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کریںگے، ہم پنجاب اور اسلام آباد کی طرف جانے والے راستے بھی بند کر سکتے ہیں۔
سید زین شاہ کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کا منصوبہ سندھ کو بنجر بنانے کی سازش ہے، ہمیں یہ سندھ دشمن منصوبہ قبول نہیں، گرین انیشٹو پاکستان منصوبے پر نظرثانی کی جائے، دریا سے کینالز نکلے تو سندھ کی زراعت تباہ ہوجائے گی، ملک میں پہلے ہی پانی کی قلت ہے، اس منصوبے کے خلاف تحریک جاری رکھیں گے۔