کینیا: مسافر طیارہ گر کر تباہ
حادثے میں تین راہ گیر جاں بحق ہوگئے جبکہ تین مسافر زخمی
نیروبی (قدرت روزنامہ)ایک اور مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ، حادثے میں تین راہ گیر جاں بحق ہوگئے جبکہ تین مسافر زخمی بھی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق کینیا کے ساحلی شہر مالندی میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں تین راہ گیر جاں بحق ہوگئے.
طیارہ مالندی ایئرپورٹ سے نیروبی کے ولسن ایئرپورٹ کی جانب روانہ ہوا تھا اور معمول کی تربیتی پرواز پر تھا لیکن پرواز کے کچھ ہی دیر بعد تکنیکی خرابی کے باعث ایئرپورٹ سے تقریباً دو کلومیٹر دور مالندی – ممباسا ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔
حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک بچہ، مرد اور خاتون نشانہ بنیں جبکہ طیارے میں موجود پائلٹ، انسٹرکٹر اور ایک طالب علم معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
کینیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
یہ حادثہ ایئرپورٹ کے قریب حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھاتا ہے اور مقامی حکام نے اس حوالے سے مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔