پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی اور ایاز صادق کا رابطہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی کاوشوں کی بدولت پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی دو روز میں عمران خان سے ملاقات متوقع ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومت کے مذاکرات کے معاملے پر عمرایوب کے پیغام کے بعد سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصراور عمرایوب سے رابطہ کیا۔ عمرایوب نے اسپیکر ایازصادق کو آج دن میں موبائل پر میسج بھیجا تھا۔
سپیکر ایاز صادق کے رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی مذاکراتی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر بات چیت کی جس پر ایاز صادق نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانا پہلے بھی میری ذمہ داری نہیں تھی اور اب بھی نہیں ہے تاہم مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کروانے کی کوشش کروں گا۔ سپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نے مذاکراتی ٹیم کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے حکومتی حکام سے رابطہ کیا جس کے بعد امکان ہے کہ آئندہ دو روزکے دوران پی ٹی آئی مذاکراتی ٹیم کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوسکتی ہے۔ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم جیل میں ملاقات کے بعد اپنے تحریری مطالبات پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہوچکے ہیں جبکہ تیسرا دور بدھ کو ہونا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *