بلوچستان، دہشتگردوں کے آگے ہتھیارڈالنے کے الزام میں 15 لیویز اہلکار برطرف


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع خضدار کے ڈپٹی کمشنر نے شرپسندوں کے خلاف مزاحمت نہ کرنے اور ہتھیار ڈالنے پرلیویزکے 15 اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں برطرف کر دیا ہے۔
ہفتہ کے روز خضدار کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق8 جنوری کو خضدارکی تحصیل زہری میں دہشتگردوں کی جانب سے لیویزتھانے، میونسپل کمیٹی، نادرا دفاتراورنجی بینک پرحملے کیا گیا، حملہ کے دوران لیویزاہلکاروں نے بزدلی کا مظاہرہ کیا اوردہشتگردوں کے سامنے سرنڈرکردیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بزدلی دیکھانے پرلیویزفورس کے 15 اہلکاروں کوملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے، حکومت بلوچستان نے مقامی انتظامیہ کی جانب سے فوری ردعمل نہ دینے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق برطرف اہلکاروں میں نوراحمد، نصیراحمد، بہزاد احمد، بہرام خان، بشیر احمد، ظفراللہ، نعمت اللہ، نادر خان، عبدالغفار، حسنین احمد محرر، محمد یوسف، عمران اللہ، نذیر احمد، عطا اللہ اور محمد رحیم شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 8 جنوری کو موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں پرسوار 100 سے زیادہ نامعلوم مسلح افراد نے خضدار کی تحصیل زہری میں دہشتگردانہ کارروائی کی، مسلح افراد نے لیویز تھانے، نادرا، میونسپل کمیٹی کے دفتر سمیت کئی سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا۔
نامعلوم مسلح افراد وہاں موجود لیویزاہلکاروں کویرغمال بنا کران کا اسلحہ، سرکاری موٹرسائیکلیں اورگاڑیاں چھین کرباآسانی فرارہوگئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *