پنجاب پولیس کے ڈی پی او پر زیادتی کا الزام ، کیس میں ڈرامائی موڑ، اداکارہ کا نیا بیان سامنے آگیا
لاہور (قدرت روزنامہ) معروف سٹیج اداکارہ نے پنجاب پولیس کے ڈی پی او پر زیادتی کا الزام لگایا اور اس سلسلے میں ڈی پی او کے خلاف آئی جی پنجاب کو درخواست بھی دیدی لیکن اب اس معاملے میں ڈرامائی موڑ آیا ہے۔
تفصیل کے مطابق سٹیج اداکارہ ماہ نور نے ڈی پی او سرگودھا پر ریپ کا الزام لگادیا اور اس سلسلے میں کارروائی کے لیے آئی جی پنجاب کو درخواست بھی دیدی، درخواست میں موقف اپنایا کہ ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے میرے ساتھ ڈی پی او ہاؤس میں گن پوائنٹ پر زنا بالجبر کیا۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈی پی او نے یہ ویڈیو ز وائرل کرنے اور بے بنیاد مقدمات میں پھنسانے کی
بھی دھمکی دی، درخواست گزار نے یہ بھی بتایا کہ وہ کینیڈا کی شہریت رکھتی ہیں اور اس سلسلے میں کینیڈا کے سفارتخانے سے بھی رابطہ کررہی ہیں کہ سائلہ کو انصاف دلایاجائے ۔
درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’’ میری نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں اور مجھے بلیک میل، ہراساں کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ڈی پی او کے آپریٹر ثمر نے مجھے فون کر کےمیری رقم کی ریکوری کے بہانےسے ڈی پی او ہاؤس سرگودھا بلایا کہ آپ کی 6 کروڑ روپے رقم جو پولیس اہلکار نے ضبط کی ہے،وہ رقم ڈی پی او برآمد کرادیں گے۔
ڈی پی او ہاؤس میں مجھے پولیس اہلکار ایک کمرے میں لے گئے جہاں ڈی پی او موجود تھا۔ڈی پی او نے مجھ پر گن تان کر برہنہ کیا اور کہا کہ مزاحمت کی تو جان سے مار دوں گا، پھر میرے ساتھ زیادتی کرنے کے ساتھ ساتھ ویڈیو بھی بناتا رہا،میں نے بہت چیخ وپکار کی ،مگر میری کسی نے مدد نہ کی‘‘۔
ادکارہ نے اپنی درخواست میں آئی جی پنجاب کو ڈی پی او کے خلاف مقدمہ درج اور کارروائی کرنے کی استدعا کی جس کے بعد ادکارہ ماہ نور کا ایک تحریری بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں اس نے کہا کہ میں نے ڈی پی او پر یہ الزامات غلط فہمی کی وجہ سے لگائے ہیں۔میں ان الزامات کی تردید کرتی ہوں،ان میں کوئی صداقت نہیں۔میں ائی جی کو ڈی پی اوکے خلاف دی گئی اپنی درخواست واپس لیتی ہوں۔میری درخواست داخل دفتر کی جائے۔