’خوف اور بے یقینی ہے‘، لاس اینجلس میں رہائش پذیر پریتی زنٹا کا آتشزدگی پربیان
لاس اینجلس(قدرت روزنامہ)امریکی شہر لاس اینجلس میں لگی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جاسکا جب کہ ماہرین کا اندازہ ہےکہ آگ پر مکمل قابو پانے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
اسی حوالے سے لاس اینجلس میں مقیم بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے اپنی خیریت مداحوں کو مائیکر و بلاگنگ ویب سائٹ ایکس کے ذریعے دی۔
پریتی زنٹا اپنے امریکی شوہر کے ہمراہ طویل عرصے سے لاس اینجلس میں ہی مقیم ہیں، اداکارہ نے لاس اینجلس میں لگی آگ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بتایا کہ اب تک کے لیے وہ خیریت سے ہیں۔
پریتی زنٹا نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں وہ دن دیکھوں گی جب آگ ہمارے آس پاس کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی، شہر میں دوست اور خاندان کے افراد یا تو نقل مکانی کر چکے ہوں گے یا ہائی الرٹ پر ہوں گے اور راکھ دھندلے آسمانوں سے برف کی طرح نیچے گررہی ہوگی، خوف اور بے یقینی کی کیفیت ہے کہ اگر ہوا نہ تھمی تو کیا ہوگا، ہمارے ساتھ چھوٹے بچے اور بزرگ بھی ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘اپنے آس پاس ہونے والی تباہی پر میرا دل ٹوٹ گیا ہے اور میں خدا کی شکر گزار ہوں کہ ہم ابھی تک محفوظ ہیں، میری دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو بےگھر ہو چکے ہیں اور جنہوں نے اس آگ میں سب کچھ کھو دیا ہے، امید ہے کہ ہوا جلد تھم جائے اور آگ پر قابو پا لیا جائے’۔
پریتی زنٹا کا مزید کہنا تھا کہ ‘فائر ڈپارٹمنٹ، فائرفائٹرز اور ان تمام لوگوں کا بہت شکریہ جو جانیں اور املاک بچانے کے لیے مدد کر رہے ہیں’۔
واضح رہے کہ لاس اینجلس ہالی وڈ کا مرکزی مقام ہے جہاں ہالی وڈ کے بڑے بڑے ستاروں کے گھر ہیں اور وہ وہاں رہتے ہیں، اس آگ میں ہالی وڈ ستاروں کے گھر بھی متاثر ہوچکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بیلا حدید، پیرس ہلٹن، انتھونی ہاپکنز ، جیف بریجز، بلی کرسٹل، یوجین لیوی، جان گڈمین، مارک ہیمیل اپنے گھر کھو چکے ہیں۔