سعودی عرب نے افزودہ یورینیم فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا
ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی وزیر توانائی پرنس عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے اپنی تمام معدنیات کو منافع بخش بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس میں یورینیم کی فروخت بھی شامل ہوگی۔
العربیہ نے خبر ایجنسی روئٹرز کے حوالے سے بتایا کہ پرنس عبدالعزیز نے دہرن میں ایک کانفرنس کے دوران کہا “ہم یورینیم کی افزودگی کریں گے، ہم اسے بیچیں گے اور ہم ‘ییلو کیک’ بھی تیار کریں گے۔” ییلو کیک کا مطلب یورینیم کے ایندھن کی تیاری کے لئے استعمال ہونے والے معدنیات کے پاؤڈر مرکب سے ہے۔ یہ مرکب محفوظ طریقے سے ہینڈل کرنا ضروری ہے حالانکہ اس میں تابکاری کے خطرات کم ہوتے ہیں۔
سعودی عرب کا ایک ابتدائی جوہری پروگرام موجود ہے جسے وہ بڑھانا چاہتا ہے تاکہ بالآخر یورینیم کو افزودہ کرنے کی صلاحیت حاصل کی جاسکے۔یورینم کی افزودگی جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے ایک حساس شعبہ ہے۔ مملکت کا کہنا ہے کہ وہ جوہری توانائی کا استعمال اپنے توانائی کے ذرائع کو متنوع بنانے کے لیے چاہتی ہے۔