ٹیلی گرام کا ڈبل شاہ کیسے شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹ رہا ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیسہ کمانے کا شوق ہر انسان کو ہوتا ہے، اگر یہ شوق جنون میں بدل جائے تو انسان سوچنے لگتا ہے کہ اگر کم وقت اور محنت سے اکاؤنٹ میں رقم آنا شروع ہوجائے تو اس میں کیا برائی ہے، اس سے تو خاندان کا فائدہ ہی ہوگا۔ عام طور پر ایسی ہر کہانی کا آغاز انٹرنیٹ سے پیسہ کمانے کے خواب سے شروع ہوتی ہے۔
ایک ایسے ہی پاکستانی شہری نے ایک طویل عرصہ انٹرنیٹ سے پیسہ کمانے کی کوششوں میں صرف کردیا، بالآخر کئی سال بعد اسے کامیابی حاصل ہوئی اور اس کے اکاؤنٹ میں ایک بڑی رقم بھی آگئی۔
ہوا کچھ یوں کہ ایک بھارتی کمپنی نے سوشل میڈیا ایپ ٹیلی گرام کے ذریعے ایک پاکستانی شہری سے رابطہ کیا اور اسے ایک ’ٹیسٹ ٹاسک‘ دیا۔ اسے ایک لنک بھیجا گیا اور کہا گیا کہ 3 منٹ کے اندر اس لنک کو کھول کر اشیا کو کارٹ میں ڈالیں اور اس کا اسکرین شاٹ بھیجیں۔ پاکستانی شہری نے یہ ٹاسک کامیابی سے مکمل کیا۔
ٹسک کی کامیابی سے تکمیل پر اسے مبارک باد کا پیغام موصول ہوتا ہے کہ آپ اس کمپنی کے عارضی ملازم بن چکے ہیں اور اب آپ نے ٹیلی گرام پر موجود گروپ میں لنکس کی شکل میں آنے والے اہداف مکمل کرنے ہیں۔
’ایسا لگا جیسے میرا خواب پورا ہورہا ہے‘
پاکستانی شہری نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ ٹیلی گرام کے گروپ میں ہمیں اسائنمنٹس دی جاتی تھیں، اس گروپ میں ایسے لوگ بھی تھے جو رقم ملنے پر کمپنی کا شکریہ ادا کرتے تھے جبکہ باقی لوگ مبارک دیا کرتے تھے۔
اس نے بتایا کہ بظاہر ایسا لگتا تھا کہ ایک خواب اس نوکری کی شکل میں پورا ہو رہا ہے، یہ ایسا کام تھا جس میں آپ کو کہیں جانا بھی نہیں پڑتا، جہاں بیٹھے ہیں، وہیں سے جب چاہا کام کرلیا۔
’جب مجھے پہلی تنخواہ ملی‘
مذکورہ شخص نے بتایا، ’ایک ماہ گزرنے کے بعد مجھے کہا گیا کہ آپ اکاؤنٹ نمبر بھیجیں تاکہ آپ کو پہلے مہینے کی تنخواہ بھجوائی جاسکے، یوں مجھے پہلے مہینے کی تنخواہ 20 ہزار پاکستانی روپے موصول ہوئے جو میرے حساب سے اس کمپنی کو ٹھیک ثابت کرنے کے لیے کافی تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہ ملنے پر میں پہلے سے زیادہ پرجوش تھا، اس دوران کمپنی نے ایک آفر دی کہ ابھی تک آپ اس کمپنی کے عارضی ممبر ہیں، مستقل ممبر بننے کے لیے آپ ایک لاکھ روپے بھیجیں جو آپ کی سیکیورٹی کے طور پر ہم رکھیں گے اور کمپنی چھوڑنے پر آپ کو بھیج دیے جائیں گے، مستقل ممبر بننے کا فائدہ یہ ہوگا کہ آپ کو مزید بہتر آفرز دی جائیں گی جس سے آپ دگنی رقم کما سکتے ہیں۔
’مستقبل کے خواب‘
ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کی جانب سے 20 ہزار روپے ملنے کے بعد اندازہ ہوچکا تھا کہ یہ فراڈ تو نہیں ہوسکتا، اس لیے میں نے ایک لاکھ روپے بھیج دیے اور مستقبل کے خواب دیکھنے لگا، لیکن رقم مبینہ کمپنی کو موصول ہونے کے بعد اس کمپنی نے مجھے ہر پلیٹ فارم سے بلاک کردیا، پہلی بار جب ٹیلی گرام گروپ میرے لیے ناقابل استعمال ہوا تو اندازہ ہوگیا کہ کچھ گڑبڑ ہے، اس کے بعد واٹس ایپ چیک اور ای میل چیک کیا لیکن کہیں سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یوں اس فراڈ کمپنی نے مجھے 20 ہزار روپے دے کر مجھ سے 80 ہزار روپے لوٹ لیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک میں نے کہیں شکایت درج نہیں کرائی لیکن مشورہ کرکے فیصلہ کروں گا کہ شکایت کا اندراج کرانا ہے یا نہیں۔