جامعات کی خودمختاری برقرار رکھتے ہوئے صوبائی ایچ ای سی کی قیام کیلئےفوری طور پر عملی اقدام اٹھائیں،فپواسا
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن(فپواسا)کے مرکزی ایگزیکٹیو کونسل کا ایک اہم اجلاس زیرصدارت صدر فپواسا ڈاکٹر امجد عباس مگسی منعقد ھوا۔اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اوزیر ، بلوچستان چیپٹر کے صدر پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، پنجاب چیپٹر کے صدر ڈاکٹر خاور نوازش،سندھ چیپٹر کے پروفیسر ڈاکٹر اختیار علی گھومرو اور خیبر پختونخوا کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد ہمایوں خان نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک بھر کی جامعات کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل پر تفصیلی غور وخوص ھوا ۔ اجلاس میں اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ 26-2025 کی سالانہ بجٹ سے پہلے اپنی اپنی صوبوں میں جامعات کی خودمختاری برقرار رکھتے ہوئے صوبائی ایچ ای سی کی قیام کے لئے فوری طور پر عملی قدم اٹھائیں اور اپنی صوبوں کی جامعات کے لئے صوبوں کی سالانہ بجٹ میں صوبوں کی یونیورسٹیوں کو درپیش سخت مالی بحران کو دیکھتے ہوئے سالانہ بجٹ میں اضافہ کریں۔اجلاس میں واضح کیا کہ ملک بھر کی جامعات خصوصا بلوچستان، خیبر پختونخوا اور تمام ریسرچ سینٹرز کے اساتذہ کرام اور ملازمین کو کئی کئی مہینوں کے بعد بمشکل نامکمل تنخواہ اور پینشنز دی جاتی ہیں۔اجلاس میں اس امر پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کرام اور ملازمین کو دسمبر کے مہینے کی تنخواہ اور پینشنز کی ادائیگی ابھی تک نہیں کی گئی اور جون 2024_25 کے سالانہ بجٹ میں اعلان کردہ اضافہ ابھی تک ادا نہیں کی گئی اور یونیورسٹی آف بلوچستان کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبائی حکومت سے فنڈز کی اجرا کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔