ڈونلڈٹرمپ کی بیٹی ایوانکا والد کے صدر بننے کے بعد کیا کریں گی؟

واشنگٹن (قدرت روزنامہ)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے اپنے والد کے ایک بار پھر صدر بننے کے بعد اپنے منصوبوں سے متعلق بتایا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 43 سالہ ایوانکا ٹرمپ نے ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے صدارتی محل میں اپنے والد کی مدد کرنے سے متعلق گفتگو کی۔ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا پہلے کی طرح ایک مرتبہ پھر اپنے والد کا بھرپور ساتھ دینے کے لئے تیار ہیں۔
ایوانکا نے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدارت یہ دنیا کی تنہا ترین پوزیشن ہے جہاں آپ روزانہ کی بنیاد پر اہم فیصلے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ میں صرف ایک بیٹی کی حیثیت سے اپنے والد کے لیے وائٹ ہاس میں موجود رہوں، اپنے والد کا دیہان بٹا سکوں، ان کے ساتھ کوئی فلم یا اسپورٹس میچ دیکھوں۔

ایوانکا کا مزید کہنا تھا کہ یہ 4 سال بہت اچھے ہوں گے، میرے والد اور ہم پرجوش ہیں، مجھے لگتا ہے کہ اس ملک میں ایک عمومی جوش و خروش ہے۔دوسری جانب امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو وائٹ ہاس آنے کے بعد تقریبا 100 انتظامی احکامات (ایگزیکٹو آرڈرز)جاری کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔اس بات کا انکشاف ایک ریپبلکن سینیٹر مارک وین مولن نے گزشتہ روز میڈیا کے سامنے کیا، انہوں نے بتایا کہ ٹرمپ صدارت سنبھالتے ہی 100 ایگزیکٹو آرڈرز جاری کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے گزشتہ رات واشنگٹن میں ریپبلکن سینیٹرز کے ساتھ خصوصی ملاقات کے دوران امیگریشن اور توانائی سمیت دیگر مسائل پر کارروائی کے منصوبے کے حوالے سے گفتگو کی۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی ریپبلکن سینیٹرز سے ملاقات کے بعد فوری طور پر ایگزیکٹو آرڈز کے اجرا کے حوالے سے مشاورت کی جارہی ہے۔اس حوالے سے امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی سرحد پر سخت سیکیورٹی اور امیگریشن قوانین ڈونلڈ ٹرمپ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *