تنخواہ دار طبقے نے مالی سال 2024 میں کتنا زائد ٹیکس ادا کیا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے تنخواہ دار طبقے نے مالی سال 2024 کے دوران 368 ارب روپے ٹیکس ادا کیا، جو اس سے قبل مالی سال 2023 کے دوران مجموعی طور پر ادا کیے گئے ٹیکس کے مقابلے پر 40 فیصد زائد تھا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 2023 کے مقابلے میں مالی سال 2024 کے دوران تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس وصولی میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو ایک سال کے عرصے میں تقریباً 103 ارب روپے بنتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے، بینکوں کا سود، اور سیکیورٹیز محصولات کی وصولی کی فہرست میں سرفہرست رہی ہیں۔ ایف بی آر نے معاہدوں کی مد میں 496 بلین جبکہ بینک سود اور سیکیورٹیز سے وصولی 489 ارب روپے رہی۔
منافع پر ادائیگیوں سے ٹیکس کی وصولی تقریباً 70 فیصد بڑھ کر 145 ارب روپے تک پہنچ گئی جبکہ بجلی کے بلوں پر ٹیکس وصولی میں بھی 30 فیصد اضافہ ہوا، اس مد میں ٹیکس وصولی 124 ارب روپے رہی۔
جائیدادوں کی خریداری پر ٹیکس وصولی 104 ارب روپے رہی، جبکہ جائیدادوں کی فروخت کی مد میں مجموعی ٹیکس کی وصولی 95 ارب روپے ہوئی، ایکسپورٹ سیکٹر سے ٹیکس کی وصولی 94 ارب روپے رہی۔