بلوچستان کے سیلاب متاثرہ پانچ شہروں میں 250 گھروں کی تعمیر مکمل، چابیاں متاثرین کے حوالے

بلوچستان میں یتیم بچوں کے لیے عظیم الشان ادارہ قائم کریں گے: میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ ( قدرت نیوز ) بلوچستان کے سیلاب متاثرہ پانچ شہروں، کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور صحبت پور میں 250 گھروں کی تعمیر مکمل کر کے متاثرین کے حوالے کر دی گئی۔ ان گھروں کی تعمیر میں کشمیر آرفین ریلیف ٹرسٹ کا اہم کردار رہا۔ گھروں کی چابیاں ایک پروقار تقریب کے دوران متاثرین کے سپرد کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنا انسانیت کی بے لوث خدمت ہے۔ انہوں نے کشمیر آرفین ریلیف ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے عوام کے لیے امید کی کرن ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے بحالی منصوبے کو صوبائی حکومت کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ منصوبہ 8 سے 9 ماہ میں مکمل کر سکتے ہیں۔ سندھ کی طرز پر گھروں کی تعمیر مکمل کر کے متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچستان میں یتیم بچوں کے لیے ایک عظیم الشان ادارہ قائم کیا جائے گا جس کے لیے حکومت بلا معاوضہ اراضی فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کشمیر آرفین ریلیف ٹرسٹ نے بلوچستان کے لوگوں کی مدد کر کے بے لوث خدمت کا قرض لوٹا دیا۔

تقریب میں چیئرمین کشمیر آرفین ریلیف ٹرسٹ چوہدری محمد اختر نے ادارے کی خدمات سے متعلق تفصیل پیش کی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء میر محمد سلیم خان کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹری حاجی برکت رند، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید اقبال شاہ، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلاول خان کاکڑ، کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان بدل رہا ہے اور ہم سب مل کر اسے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے اس کارخیر میں حصہ لینے والے تمام ڈونرز، شخصیات، مخیر حضرات اور رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *