واٹس ایپ نے صارفین کیلئے نئے سال پر 4 فیچرز متعارف کرادیئے

صارفین کیلئے واٹس ایپ کا استعمال زیادہ آسان اور پرلطف ہوجائے گا، میٹا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)واٹس ایپ نے صارفین کیلئے دوستوں اور پیاروں سے بہتر رابطوں کیلئے مزید نئے فیچرز متعارف کرادیئے۔
ڈیجیٹل ایپلی کیشن کی مالک کمپنی میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں چیٹس کیلئے 4 نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا۔ ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہم کیمرا ایفیکٹس، سیلفی اسٹیکرز، کوئیکر ری ایکشنز اور اسٹیکرز پیکس شیئرنگ جیسے نئے فیچرز متعارف کرا رہے ہیں۔
نئے فیچرز لانے کا مقصد صارفین کیلئے واٹس ایپ کا استعمال زیادہ آسان اور پرلطف بنانا ہے۔رپورٹ کے مطابق اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کو چیٹس کے اندر تصویر کھینچنے یا ویڈیو بنانے پر 30 بیک گراؤنڈز، فلٹرز اور ایفیکٹس دستیاب ہوں گے۔
ان آپشنز سے فوٹوز یا ویڈیوز کو زیادہ تخلیقی شکل دی جاسکے گی تاکہ میسیجنگ کا تجربہ مزید بہتر ہوسکے۔
اسی طرح سیلفی اسٹیکر کے نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی سیلفیز کو ’’کری ایٹ‘‘ اسٹیکر آئیکون پر کلک اور کیمرا استعمال کرکے کاسٹیوم اسٹیکرز کی شکل میں تبدیل کرسکیں گے۔
یہ فیچر پہلے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے متعارف کرایا جارہا ہے جبکہ آئی او ایس ڈیوائسز میں اسے جلد متعارف کرایا جائے گا۔
اسی طرح واٹس ایپ میں اسٹیکر پیکس کو شیئر کرنے کا عمل آسان بنایا جارہا ہے۔ صارفین اب چیٹس کے اندر ہی اپنے پسندیدہ اسٹیکر پیکس ریکومینڈ اور شیئر کرسکیں گے۔
ایک اور نئے فیچر سے میسجز پر ری ایکشنز کا عمل سادہ بنانا ہے تاکہ صارفین فوری طور پر ڈبل کلک کرکے کسی بھی میسج پر ری ایکٹ کرسکیں۔
اسی طرح ری ایکشنز میں اکثر استعمال کی جانے والی ایموجیز کو بھی شامل کیا جارہا ہے تاکہ ٹائپ کئے بغیر ہی جذبات کا اظہار کیا جاسکے۔ کمپنی نے بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ہم 2025ء میں مزید فیچرز متعارف کرانے پر پرجوش ہیں، یہ فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *