سندھ حکومت کا ناکارہ سرکاری گاڑیاں ایک ماہ میں نیلام کرنے کا فیصلہ
کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ حکومت نے ناکارہ سرکاری گاڑیاں ایک ماہ میں نیلام کرنے اورملازمین کیلئے ای وی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس ہوا،اجلاس کی صدارت سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے کی،سندھ حکومت نے ناکارہ سرکاری گاڑیاں ایک ماہ میں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا،اجلاس میںسرکاری ملازمین کیلئے ای وی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیاگیا۔
اجلاس میں سیکرٹریز نے سرکاری گاڑیوں سے متعلق 10سالہ ریکارڈ پیش کیا، شرجیل میمن نے کہاکہ نیلامی کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل ہونا چاہئے،وسائل مزید ضائع نہ ہوں، نئی گاڑیوں کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے،ای وی گاڑیاں خریدنے سے حکومت کو فائدہ ہوگا، پی او ایل کی بچت ہوگی گاڑیوں کی نیلامی میں بھی آسانی ہوگی،عوامی وسائل میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں،غیرمجاز استعمال کرنے والوں کو کہتے ہیں سرکاری گاڑیاں واپس کریں۔