سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں شہریوں کے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ نے وزارت دفاع کو ہدایت دی کہ وہ فوجی عدالتوں میں شہریوں کے مقدمات کا ڈیٹا فراہم کرے، خاص طور پر ان شہریوں کی تعداد بتائے جن میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو شامل نہ ہو۔
جمعرات کو جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں بینچ نے فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو چیلنج کرنے والی اندرونی اپیلوں کی سماعت کی۔ بینچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مہر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل تھے۔
سماعت کے دوران وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ جب آئین کے آرٹیکل 8 کے سیکشن 3 کا اطلاق ہوتا ہے تو بنیادی حقوق معطل ہو جاتے ہیں۔
جسٹس نعیم اختر نے ریمارکس دیے کہ آرمی ایکٹ کا اطلاق مسلح افواج کے افسران اور عملے پر ہوتا ہے اور ترمیم سے پہلے ریٹائرڈ افسران کو فوجی عدالتوں میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔