حکومت بلوچستان کا ہڑتالی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کا اعلان
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)محکمہ صحت بلوچستان نے ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف بذریعہ اشتہار کارروائی کا اعلان کردیا ہے۔
محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے جاری اشتہار میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس اسٹاف کو ڈیوٹی پر غیر حاضر ہونے پر ڈیوٹی سے برخاست کر دیا جائے گا، غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف بیڈاایکٹ کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اشتہار کے متن میں کہا گیا ہے کہ سروس میں بریک آنے سے سنیارٹی ختم ہوسکتی ہے، پینشن اور دیگر مراعات پر بھی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، فرائض کی انجام دہی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ڈی جی ہیلتھ نے کوئٹہ کے سول اسپتال کا دورہ کیا تھا، اس دوران انہوں نے ینگ ڈاکٹرز پر الزام لگایا کہ ینگ ڈاکٹرز نے حملہ کرکے انہیں زخمی کیا ہے۔ بعد ازاں ڈی جی ہیلتھ کی شکایت پر گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کے چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ اور ڈاکٹر حفیظ مندوخیل کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اشتہار میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہیں اور اپنے فرائض مکمل ذمہ داری اور وقت پر دیں۔
یونین قائدین کی گرفتاریوں کے خلاف ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف سراپا احتجاج ہے، اور او پی ڈی سروسز کا بائیکاٹ بھی کیا گیا ہے۔