ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری، کب کیا ہوگا، دیکھا کیسے جاسکتا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ باضابطہ طور پر امریکا کے 47 ویں صدر بننے کے بعد 20 جنوری کو وائٹ ہاؤس چلے جائیں گے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق افتتاحی روز ایک رسمی حلف برداری کی تقریب کے ساتھ ساتھ میوزیکل پرفارمنس، جشن منانے کی پریڈ اور دیگر پرگرامز بھی شامل ہیں۔
نائب صدر منتخب جے ڈی وینس بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور ٹرمپ کے ساتھ اسٹیج پر شامل ہو کر اپنی نئی انتظامیہ کا باضابطہ آغاز کریں گے۔
حلف برداری
یہ رسمی تقریب ہے جو ایک صدر کے دفتر میں وقت کے خاتمے اور ان کے جانشین کی انتظامیہ کے آغاز کی نشاندہی کرتی ہے۔
یہ واشنگٹن ڈی سی میں حکومتی رہنماؤں کے درمیان اقتدار کی منتقلی کا سب سے زیادہ اہم حصہ ہے۔
تقریب کے ایک اہم حصے میں منتخب صدر کا حلف اٹھانا شامل ہے۔ اس میں نیا صدر یہ کہتا ہے کہ ’میں حلف اٹھاتا ہوں کہ میں وفاداری کے ساتھ امریکا کے صدر کے فرائض انجام دوں گا اور امریکا کے آئین کا اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ، تحفظ اور دفاع کروں گا‘۔
اگرچہ ٹرمپ نے نومبر میں الیکشن جیتا تھا لیکن یہ الفاظ کہنے کے بعد وہ باضابطہ طور پر ملک کے 47 ویں صدر بن جائیں گے۔ اس سے قبل وہ سنہ 2017 اور سنہ 2021 کے درمیان 45 ویں صدر رہ چکے ہیں۔
وینس نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھائیں گے۔
افتتاحی روز کیا ہوگا؟
افتتاحی روز 20 جنوری کو افتتاحی دن کا آغاز واشنگٹن ڈی سی کے تاریخی سینٹ جان چرچ میں ایک سروس کے ساتھ ہوگا جس کے بعد وائٹ ہاؤس میں چائے پیش کی جائے گی۔
یو ایس کیپیٹل بلڈنگ کے ویسٹ لان پر واقع مرکزی تقریب کے اسٹیج پر میوزیکل پرفارمنس اور افتتاحی ریمارکس ہوں گے۔
اس کے بعد ٹرمپ اور وینس کی حلف برداری کے ساتھ ساتھ افتتاحی خطاب بھی ہوگا جس میں صدر اگلے 4 سالوں کے لیے اپنے اہداف کا تعین کریں گے۔
ٹرمپ اس کے بعد سینیٹ کے چیمبر کے قریب ہی واقع صدر کے کمرے میں جائیں گے اور وہاں اہم دستاویزات پر دستخط کریں گے۔
اس کے بعد وہ افتتاحی تقاریب پر مشترکہ کانگریس کمیٹی کی طرف سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کریں گے۔
اس کے بعد ایک پریڈ ہوتی ہے جو کیپیٹل کی عمارت سے پنسلوینیا ایونیو کے نیچے وائٹ ہاؤس تک جاتی ہے۔
شام کے بعد ٹرمپ پورے شہر میں جشن کی 3 افتتاحی تقاریب ہوں گی جن میں کمانڈر انچیف بال، لبرٹی افتتاحی بال اور اسٹار لائٹ بال شامل ہیں۔ توقع ہے کہ ٹرمپ تینوں تقاریب میں خطاب کریں گے۔
افتتاحی تقریب میں کون شرکت کرے گا؟
مقامی اور وفاقی حکام واشنگٹن ڈی سی میں تقریباً 2 لاکھ لوگوں کی شرکت کریں گے جن میں ٹرمپ کے حامی اور مخالفین دونوں ہی شامل ہو سکتے ہیں۔
بہت سے امریکی سینیٹرز اور ایوان کے ارکان کے ساتھ ساتھ آنے والی انتظامیہ کے مہمان بھی شرکت کریں گے۔
ٹرمپ اور وینس اور ان کے اہلخانہ کے بعد سب سے اہم شرکا سبکدوش ہونے والے صدور اور نائب صدور ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس بھی موجود ہوں گے۔ کملا نومبر کے انتخابات میں ٹرمپ سے ہار گئی تھیں۔ جو بائیڈن کی شریک حیات جل بائیڈن اور کملا کے شوہر ڈگلس ایمہوف بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔
سابق صدور اور ان کی بیویاں (خاتون اول) مہمانوں کی فہرست میں شامل ہوتے ہیں لیکن اس تقریب میں سابق خاتون اول مشیل اوباما شرکت نہیں کریں گی۔ وہ گزشتہ ہفتے سابق صدر جمی کارٹر کی وفات پر ان کی یاد میں منعقد ہونے والی تقریب میں بھی غیر حاضر تھیں۔ وہ اس موقعے پر ہوائی میں تھیں۔ وہ اپنے شوہر کے سنہ 2009 کے بعد سے ہر نئے صدر کی افتتاحی تقاریب میں شریک ہوئی ہیں اور انہوں نے سنہ 2017 میں ٹرمپ کی پہلی حلف برداری میں بھی شرکت کی تھی۔
توقع ہے کہ ان کے شوہر براک اوباما، ایک اور سابق صدر جارج ڈبلیو بش اور ان کی اہلیہ لورا بش کے ساتھ وہاں موجود ہوں گے۔
امریکی میڈیا مطابق سابق صدور کے علاوہ ارب پتی ٹیک چیف ایلون مسک، جیف بیزوس اور مارک زکربرگ کی بھی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔
کہا جارہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے سی ای او شو زی چیو بھی وہاں موجود ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس تقریب کے اگلے ہی روز امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی جانے والی ہے۔
کون پرفارم کرے گا؟
گلوکارہ اور سابق امریکن آئیڈل کی فاتح کیری انڈرووڈ تقریب کے دوران ’امریکا دی بیوٹیفل‘ پرفارم کریں گی۔
ٹرمپ کے دیرینہ دوست گلوکار لی گرین ووڈ بھی افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گے. اوپیرا گلوکار کرسٹوفر میکیو بھی پرفارم کریں گے۔
امریکی ڈسکو گروپ دی ولیج پیپل اتوار کو ٹرمپ کی جیت کی ریلی میں اور پیر کو افتتاحی بالز میں سے ایک میں پرفارم کرے گا۔
دیگر پرفارمرز بھی ٹرمپ کی اتوار کی ریلی اور شام کی بالز میں نمودار ہونے والے ہیں جن میں کڈ راک، بلی رے سائرس، جیسن ایلڈین اور رسکل فلیٹس شامل ہیں اور گیون ڈی گرا بھی شامل ہیں۔
تقریب کیسے دیکھی جاسکتی ہے؟
عام طور پر افتتاحی تقریب میں شرکت کی بہت زیادہ مانگ ہوتی ہے اور اس کے ٹکٹ بہت قیمتی ہوتے ہیں۔
کانگریس کے اراکین کو تقریب میں ٹکٹوں کی ایک مخصوص تعداد ملتی ہے جسے وہ اپنے حلقوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔ یہ ٹکٹ مفت ہوتے ہیں لیکن اکثر حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے۔ امریکی ٹکٹ کے لیے اپنے رکن کانگریس سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
اگر کوئی ذاتی طور پر شرکت نہ کرسکے تو پھر اس کے لیے دور سے دیکھنے کے بہت سارے طریقے ہیں۔ وائٹ ہاؤس افتتاحی تقریب کو لائیو اسٹریم کرے گا۔ بی بی سی کے نیوز چینل پر ؛بھی اس کی براہ راست کوریج کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *