چیمپئنز ٹرافی کیپٹنز میٹ: روہت شرما پاکستان نہیں جائیں گے، بھارتی میڈیا کا دعویٰ
بھارتی کپتان کے پاکستان جانے کی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی، بی سی سی آئی سیکریٹری
ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بھارتی کپتان روہت شرما کے چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب اور کیپٹنز میٹ کیلئے پاکستان جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بی سی سی آئی سیکریٹری کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی، کسی صورت پی سی بی کی خواہش پوری نہیں کرینگے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا انعقاد 19 فروری سے پاکستان میں ہونا ہے تاہم بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے، جس پر بھارتی ٹیم کے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت یو اے ای میں ہوں گے، تاہم چند روز قبل یہ خبریں آرہی تھیں کہ افتتاحی تقریب اور کیپٹنز میٹ کیلئے بھارتی کپتان روہت شرما پاکستان آنے کو تیار ہیں۔
اب بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں ذرائع سے خبریں چلانا شروع کردی ہیں کہ افتتاحی تقریب اور کیپٹنز میٹ میں بھارتی کپتان روہت شرما کے پاکستان جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نئے بورڈ سیکریٹری دیواجیت سائیکیا سے روہت شرما کے پاکستان جانے سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں تو ایسی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی، نہ ہی ایسی کوئی بات آئی سی سی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا حصہ رہی ہے۔
بھارتی بورڈ ذرائع نے کہا ہے کہ وہ کسی صورت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی خواہشات پوری نہیں کریں گے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم کی عدم موجودگی میں افتتاحی تقریب اور کیپٹنز میٹ کو محدود رکھا جائے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے ہیں۔
اگر بھارتی ٹیم فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہی تو پھر چیمپئنز ٹرافی کا فیصلہ کن میچ لاہور میں ہوگا، یہ دیکھا ہوگا کہ تب جے شاہ ٹرافی دینے کیلئے پاکستان آتے ہیں یا نہیں۔