معروف ادارے کی ملک میں مہنگائی اور شرح سود میں مزید کمی کی پیشگوئی

رواں ماہ مہنگائی کی سالانہ شرح 2.5 فیصد سے کم ہو کر 3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، ریسرچ رپورٹ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک کے معروف ادارے ٹاپ لائن ریسرچ نے پاکستان میں مہنگائی اور شرح سود میں مزید کمی کی پیش گوئی کردی اور کہا ہے کہ جنوری 2025 میں مہنگائی کی شرح 9 سال کی کم ترین سطح پر آنے کی توقع ہے۔
ٹاپ لائن ریسرچ کی جانب سے جاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی اور شرح سود میں مزید کمی متوقع ہے اور رواں ماہ مہنگائی کی سالانہ شرح 2.5 فیصد سے کم ہو کر 3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوری 2025 میں مہنگائی کی شرح 9 سال کی کم ترین سطح پر آنے کی توقع ہے اور مالی سال کے پہلے 7 ماہ مہنگائی کی اوسط شرح 6.66 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں مہنگائی کی اوسط شرح 28.73 فیصد تھی۔
ٹاپ لائن ریسرچ کے مطابق مہنگائی کم ہونے سے شرح سود میں مزید 100 بیسز پوائنٹس کی کمی کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں شرح سود 13 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 27 جنوری کو شیڈول ہے، مانیٹری پالیسی کمیٹی بنیادی شرح سود میں مزید کمی کے امکان کا جائزہ لے گی۔
ٹاپ لائن ریسرچ نے دسمبر 2025 تک شرح سود 11 سے 12 فیصد کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے رواں مالی سال 9.5 فیصد اوسط مہنگائی کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اس سے قبل عالمی ادارے نے مہنگائی 12.7 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی، تیل سمیت اجناس کی عالمی قیمتیں مہنگائی کے تخمینے پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *