بشریٰ بی بی کو جس سیل میں رکھا گیا اس کا مریم نواز سے کیا تعلق ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بالترتیب 14 اور 5 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے حراست میں لے کر اڈیالہ جیل میں اس ہال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں تحریک انصاف کے دور حکومت میں موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو پابند سلاسل کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں سزا کے بعد بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں ٹیوٹا ہال میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا طبی معینہ بھی کیا گیا، جس کی رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی تندرست ہیں، دوسری جانب عمران خان چونکہ پہلے ہی اڈیالہ جیل میں ہیں، اس کیس میں سزا کے بعد وہ اسی سیل میں قید ہیں جہاں پہلے قید تھے۔
بشریٰ بی بی کو بائیو میٹرک کے بعد خواتین وارڈ سے منسلک ٹیوٹا ہال میں رکھا گیا ہے جہاں انہیں پہلے بھی پابند سلاسل کیا گیا تھا، یہ وہی ہال ہے جہاں پی ٹی آئی دور حکومت میں مریم نواز کو قید رکھا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں ادویات بھی فراہم کر دی گئیں، ضروری سامان بھی ان کی بیرک میں پہنچا دیا گیا جس میں کپڑے، جوتے، چادریں، کھانے پینے کی اشیا، بیڈ شیٹس، تکیے اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔