عالمی ٹیموں کی بیٹنگ لائن تہس نہس کرنے والے جادوئی اسپنر ساجد خان تاحال سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عالمی کرکٹ میں مخالف ٹیموں کے بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے والے پاکستان کے مایہ ناز قومی اسپنر ساجد خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال سینٹرل کنٹریکٹ اور تنخوا کی ادائیگی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل مایہ ناز اسپنر ساجد خان کو پاکستان کے دورے کے دوران انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے خلاف شاندار کارکردگی پر سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹگری ’سی‘ میں شامل کیا گیا تھا، لیکن تمام تر فٹنس ٹیسٹ بھی پاس کر لینے کے باوجو انہیں تاحال سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا نہ تنخوا کی ادائیگی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ساجد خان نے آخری فٹنس ٹیسٹ ملتان میں پاس کیا جبکہ وہ اس سے قبل 2 فٹنس ٹیسٹ مکمل کر چکے تھے۔
ادھر ایک نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ ساجد خان کے سینٹرل کنٹریکٹ پر جلد ہی دستخط کروا لیے جائیں گے، ان کے اس بیان پر تصدیق ہوئی کہ ساجد خان کو ابھی تک سینٹرل کنٹریکٹ اور تنخوا کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق ٹیم میں شامل ہونے اور سینٹرل کنٹریکٹ کے رولز کے مطابق ساجد خان کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا تھے اور ان کے سینٹرل کنٹریکٹ میں تاخیر کی وجہ بھی یہی تھی تاہم انہوں نے یہ ٹیسٹ پاس کر لیے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ چونکہ ساجد خان نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیے ہیں اس لیے بہت جلد ان کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرتے ہوئے بقایا جات بھی ادا کر دیے جائیں گے۔