حب اور گڈانی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا، شہریوں کو مشکلات کا سامنا
حب(قدرت روزنامہ)حب اور گڈانی میں پانی کا بحران روز بروز شدت اختیار گیا جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ، پینے کے صاف پانی کی قلت نے عوام کو مجبورا مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور کر دیا، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پانی کی فراہمی میں ناکامی پر محکمہ پبلک ہیلتھ اور ڈی سی حب کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی عدم دستیابی کے سبب ہم ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جو پانی کے منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پبلک ہیلتھ اور ضلعی انتظامیہ اس مسئلے کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں، جبکہ عوام بنیادی حق کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب حب کے علاقے کا پانی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت اور کرپشن کی وجہ سے حب اور گڈانی کے رہائشی پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں۔ پانی کے غیر قانونی منتقلی کے خلاف عوامی حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے متاثرہ شہریوں نے حکومت اور اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پانی کی فراہمی جلد از جلد بحال نہ کی گئی تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اہم شاہراہوں اور حکومتی دفاتر کے سامنے دھرنا دیں گے۔