بلو چستان کے مختلف اضلاع میں برفباری ،مختلف مقامات پر ریسکیو کیمپس قائم کردئے ہیں،این ایچ اے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل ہائی وے اتھارٹی بلوچستان نارتھ کے جنرل منیجر آغا عنایت اللہ نے کہا ہے کہ بلو چستان کے مختلف اضلاع میں برفباری اور بارش کا سلسلہ 20جنوری تک جا ری رہنے کا امکان ہے ،این ایچ کی کوشش ہے کہ نیشنل ہائی وے پر عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو برفباری شروع ہوتے ہی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لئے اسٹاف کام شروع کردیگا ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اپنے دفتر میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ آغا عنایت اللہ نے کہا کہ بلوچستان میں برفباری کے بعد مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے پیش نظر نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے صوبے کے مختلف مقامات پر ریسکیو کیمپس قائم کردئے ہیںجو برفباری کے بعد سڑکوں پر ٹریفک کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کوژک ٹاپ،قلات سے چمن تک ہم کور کرتے ہیں،این 50 کچلاک سے دانہ سر تک ،کچلاک سے کان مہتر زئی ،کچلاک ،این 65 سبی اور ڈیرہ اللہ یار مچھ اور کولپور تک زیادہ برف ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ہائی وے کے لکپاس سے نوشکی اور دالبندین روٹس پر بھی ہمارے کیمپس ہیں این ایچ اے کا سٹاف ہر وقت موٹر وے پولیس کے ساتھ موجود ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موٹر وے پولیس اور ڈسٹرک مینجمنٹ ہمارے ساتھ ٹریفک کنٹرول میں مدد گار ہوتی ہے ہمارے ساتھ مشینری کے علاؤہ تمام اسٹیشنز پر نمک پاشی جو سڑکوں پر کی جاتی ہے تاکہ سڑکوں پر برف جمنے سے پھسلن سے ٹریفک کی روانی کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ این ایچ کی کوشش ہے کہ نیشنل ہائی وے پر عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو عوام بھی غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں زیادہ تر لوگ ٹریفک کے قوانین کی پابندی کریں عوام این ایچ اے کی جاری کردہ ایڈوائزری پر عملدرآمد کریں ۔