نجی حج سکیم کے تحت پرکشش پیکیج لینے والے خبردار، حج ایف بی آر اور سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط
اسلام آباد(قدرت روزنامہ ) نجی حج سکیم کے تحت پرکشش حج پیکیج لینے والے خبردار ہو جائیں، حج 2025کے تحت نجی سکیم کے تحت جانے والے عازمین سے متعلق حکومت کا اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق 30لاکھ روپے سے زائد کا حج پیکیج لینے والے عازمین کا حج ایف بی آر اور سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کردیا گیا ہے، 30لاکھ روپے سے زائد کا پرائیویٹ پیکیج لینے والے عازمین کے نام ایف بی آر کو بھجوائے جائیں گے، بھاری نجی حج پیکیج لینے والوں کے نام کلیئرنس کے لئے سکیورٹی ایجنسیز کو بھجوائے جائیں گے۔
ایف بی آر متعلقہ عازمین کے اثاثوں اور ٹیکس کی چھان بین کرے گا، ایجنسیاں متعلقہ عازمین حج کی سکروٹنی کریں گی۔ سکیورٹی ایجنسیز سے کلیئرنس کے بعد 30 لاکھ سے زائد پیکیج والے عازمین کو حج کی اجازت دی جائے گی۔
30لاکھ سے زائد کا پیکیج دینے والی کمپنیاں حج پیکیج کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔ کمپنیوں کے 30لاکھ سے زائد حج اخراجات اور پیکیج کی منظوری وزارت مذہبی امور دے گی۔
اس ضمن میں وزارت مذہبی امور نے ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی محمد حکیم خٹک کو فوکل پرسن مقرر کردیا ہے اور وزارت مذہبی امور نے نجی حج کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو کو مراسلہ بھی بھیج دیا ہے۔
نجی حج کمپنیوں سے بھاری حج پیکیج کا بریک اپ بھی مانگا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بہت سے لوگ بھاری حج پیکیج لیتے ہیں لیکن گوشوارے ظاہر نہیں کرتے اورٹیکس نہیں دیتے، مذکورہ اقدام ایف بی آر اور فیٹف کے تقاضوں کے تحت اٹھایاگیا ہے۔