ویرات کوہلی کا بھارتی فوجی جوان کے ساتھ سیلفی لینے سے انکار، ویڈیو وائرل
ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بھارتی فوجی نوجوان ہاتھ میں موبائل پکڑے ویرات کوہلی کے پاس آتا ہے تاکہ ان کے ساتھ تصویر لی جا سکے لیکن ویرات اسے انکار کرتے ہوئے آگے بڑھ جاتے ہیں۔
ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے، ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی نے فوجی جوان کے ساتھ سیلفی لینے سے انکار کر دیا اس لیے اپنے رول ماڈل یا آئیڈیل کا انتخاب سمجھداری سے کریں۔
سمیر نامی صارف نے لکھا کہ ایسے کھلاڑی ان کے آئیڈیل نہیں ہو سکتے کیونکہ یہ لوگ پیسے کے لیے کرکٹ کھیلتے ہیں ہندوستان کے لیے نہیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے انہیں بہت زیادہ توجہ دے کر مشہور کر دیا ہے۔
آہان حیدر لکھتے ہیں کہ کوئی آرمی کے نوجوان کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ کیسے کر سکتا ہے۔
ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ ویرات کوہلی اب یوکے کی آرمی کے ساتھ سیلفی لیں گے۔
ایک ایکس صارف نے ویرات کوہلی کو لکھا کہ آپ دن بدن نظروں سے گرتے جا رہے ہیں۔
کئی صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں بھارتی کھلاڑی کا رویہ دیکھ کر شدید مایوسی ہوئی ہے اور ویرات کوہلی کو ایک فوجی نوجوان کے ساتھ ایسا رویہ اپناتے ہوئے شرم آنی چاہیے تھی۔