جسٹن بیبر نے اہلیہ اور سسر کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا، طلاق کی افواہوں میں شدت
لاس اینجلس (قدرت روزنامہ) مشہور گلوکار جسٹن بیبر اور ان کی اہلیہ ہیلی بیبر کے درمیان علیحدگی کی افواہوں نے اس وقت شدت اختیار کرلی جب مداحوں نے دیکھا کہ جسٹن نے انسٹاگرام پر اپنی بیوی کو ان فالو کر دیا ہے۔ اس مشہور جوڑے کے ہاں گزشتہ سال بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ گزشتہ کئی ماہ سے ان کے مابین طلاق کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
ڈیلی سٹار کے مطابق ہیلی جو ابھی بھی انسٹاگرام پر جسٹن کو فالو کر رہی ہیں، نے اپنے سوشل میڈیا پر شوہر کے حوالے سے کسی قسم کی منفی سرگرمی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جسٹن نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ساتھ اپنے سسر سٹیفن بالڈون کو بھی ان فالو کر دیا ہے۔
مداحوں میں اس ان فالو کے حوالے سے کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ کچھ مداحوں نے تبصرہ کیا، “کیا کوئی وجہ معلوم ہے؟ کسی کے پاس کوئی آئیڈیا ہے؟” جبکہ دیگر نے کہا، “ہیلی ابھی بھی جسٹن کو فالو کر رہی ہیں، تو شاید یہ ایک غلطی تھی۔”
جسٹن نے حال ہی میں انسٹاگرام پر کئی دیگر لوگوں کو بھی ان فالو کیا ہے جن میں ان کے قریبی دوست اور سابق مینیجر سکوٹر براؤن اور گلوکار اُشر شامل ہیں۔ تاہم مداحوں نے نوٹ کیا کہ جسٹن اب بھی ہیلی کے بیوٹی برانڈ “رودے” کو فالو کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ جوڑا 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا تھا اور 2024 میں ان کے بیٹے جیک بلیوز کی پیدائش ہوئی تھی۔