آرمی چیف نے بیرسٹر گوہر سے ہونے والی ملاقات بارے وزیراعظم کو آگاہ کردیا، وزیر دفاع خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے سیاسی معاملات پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی، پی ٹی آئی چیئرمین نے اس ملاقات کے حوالے سے پہلے ایک بیان دیا، پھر کوئی اور بات کی۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو آرمی چیف اور بیرسٹر گوہر کے درمیان ہونے والی ملاقات کا علم ہے، اور اب سپہ سالار نے خود شہباز شریف کو اس حوالے سے آگاہ بھی کردیا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف سے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر کی ملاقات ہوئی تھی۔
پہلے بیرسٹر گوہر اس ملاقات کی تردید کرتے رہے، تاہم 16 جنوری کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کی تھی۔
ملاقات کے بعد اس خبر کے بہت چرچے بھی ہوئے، مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما عرفان صدیقی نے کہاکہ مجھے علم ہے کہ آرمی چیف اور بیرسٹر گوہر کے درمیان کیا گفتگو ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *