حنا خان آج تک اپنے گنجے پن کو چھپاتی ہیں، روزلین خان کا انکشاف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ٹیلی وژن اداکارہ روزلین خان جو اسٹیج 4 کینسر سے بچی ہیں، انہوں نے اداکارہ حنا خان پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے کینسر کی بحالی کے بارے میں مبالغہ آرائی کرکے عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔ روزلین نے حنا کے 15 گھنٹے کی سرجری کے دعوؤں پر تنقید کی اور علاج کے دوران ان کے رویے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے حنا سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی میڈیکل رپورٹس عوام کے سامنے پیش کریں تاکہ اپنی صداقت ثابت کرسکیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روزلین جو خود اسٹیج 4 کینسر سے صحتیاب ہو چکی ہیں، نے اس موذی مرض پر اپنی معلومات شیئر کی ہیں۔ انہوں نے حنا خان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنے علاج کے بارے میں غلط معلومات پھیلا رہی ہیں۔ ایک انٹرویو میں روزلین نے حنا خان کے 15 گھنٹوں کی سرجری کے دعوے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر، وہ سرجری کے بعد 3 دن تک بے ہوش رہیں، لہٰذا سرجری کے بعد فوراً مسکراتے ہوئے آپریشن تھیٹر سے باہر آنے کے دعوے پر یقین کرنا مشکل ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ حنا توجہ حاصل کرنے کے لیے مبالغہ آرائی کر رہی ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ماسٹیکٹومی، جس میں پورے سینے کا آپریشن شامل ہے، ایک بڑی سرجری ہے جو 8 سے 10 گھنٹے تک جاری رہتی ہے، اور اس دوران نمونے لیب ٹیسٹنگ کے لیے بھیجے جاتے ہیں جبکہ مریض بے ہوش رہتا ہے۔ انہوں نے حنا پر کیمو تھراپی کے دوران دنیا گھومنے کی بھی تنقید کی، اور کہا کہ یہ کینسر کے علاج کے پروٹوکول کے خلاف ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ حنا نے اپنے گنجے پن کو چھپایا اور یہ سوال اٹھایا کہ انہوں نے اپنے کینسر کے علاج پر کھل کر بات کیوں نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حنا واقعی تیسرے مرحلے پر ہوتیں تو انہیں ریڈی ایشن سے گزرنا پڑتا، اور یہ بھی کہا کہ حنا علاج کی تفصیلات چھپا رہی ہیں تاکہ ان کی حقیقت سامنے نہ آئے۔
روزلن نے حنا کو چیلنج دیا کہ اگر وہ واقعی کینسر کے علاج کے بارے میں دوسروں کو آگاہ کرنا چاہتی ہیں تو اپنی میڈیکل رپورٹ عوام کے سامنے پیش کریں۔ حنا کے اقدامات صرف پبلسٹی سٹنٹ ہیں تاکہ خبروں میں رہ سکیں۔