ترکیہ: ہوٹل میں آتشزدگی سے 76 افراد ہلاک، لوگ کھڑکیوں سے باہر کودتے رہے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترکیہ کے شہر بولو میں واقع ایک معروف اسکی ریزارٹ ہوٹل میں ہونے والی آتشزدگی سے 76 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ بولو کے 12 منزلہ کرٹال ہوٹل میں پیش آیا جہاں چھٹیاں منانے کے لیے آئے ہوئے 200 سے زائد لوگ ٹھہرے تھے۔
ترک حکام کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 2 افراد آگ سے بچنے کے لیے کھڑکیوں سے کودتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ آتشزدگی کو ختم کرنے میں فائر فائٹرز کو 12 گھنٹے لگے۔
واقعے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ کا تعین اب تک نہیں ہوسکا ہے تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ آگ پہلے ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں لگی جہاں سے پھیل کر، اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اس واقعے کے بعد ہوٹل کے مالک سمیت 9 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ کا شمالی علاقہ بولو اپنے سیاحتی مقامات کی وجہ سے مشہور ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگ اسکیئنگ اور سنو بورڈنگ جیسے سرمائی کھیل کھیلنے کے لیے آتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *