اسٹارلنک کو سروس فراہمی کی اجازت ایلون مسک کی معافی سے مشروط کرنے کا مطالبہ
ایلون مسک نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف مہم چلائی،سینیٹر افنان اللہ خان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسٹارلنک کو سروس فراہمی کی اجازت ایلون مسک کی معافی سے مشروط کرنے کا مطالبہ سامنے آگیا۔
چیئرپرسن پلوشہ خان کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی کا اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پاکستان میں سیٹلائیٹ انٹرنیٹ سروس فراہمی کیلئےایس ای سی پی میں رجسٹریشن ضروری ہے اسٹارلنک نےدوہزاربائیس میں پی ٹی اے کے پاس اپلائی کیا تھا ہم نے معاملہ سیکیورٹی کلیئرنس کیلئے وزارت داخلہ کو بھجوادیا۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ اسٹارلنک کا معاملہ اب نئی اتھارٹی پی اے ایس آر بی کے پاس ہے، اتھارٹی کی منظوری کےبعد پی ٹی اے اسٹارلنک کو لائسنس جاری کرے گا۔ سیٹلائٹ سروسزفراہمی کےحوالےسےنئی اتھارٹی ایس پی ڈی کےتحت بنی ہے۔
چیئرپرسن کمیٹی پلوشہ خان کا ایلون مسک کی پاکستان مخالف مہم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، کمیٹی رکن سینیٹرافنان اللہ نے اسٹارلنک کوسروس فراہمی کی اجازت ایلون مسک کی معافی سےمشروط کرنےکا مطالبہ کردیا۔
سینیٹرافنان اللہ خان نے کہا کہ پاکستان میں کسی کمپنی کے کاروبار پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں، ایلون مسک نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف مہم چلائی، پی ٹی اے اسٹارلنک کولائسنس اجراء سے پہلےایلون مسک کی پاکستان مخالف مہم بھی دیکھے، ایلون مسک پہلے پاکستانیوں کے خلاف کی گئی باتوں پر معافی مانگے، سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا کہ ابھی تو اسٹار لنک آیا نہیں اور ایلون مسک کی پاکستان مخالف مہم جاری ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ ایک اورچینی کمپنی نےپاکستان میں سیٹلائیٹ انٹرنیٹ لائسنس کیلئے اپلائی کیا ہوا ہے، اسٹارلنک کو لائسنس کے اجراء کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، حکومت چاہے تو ایک ماہ میں اسٹارلنک کو سروس فراہمی کا معاملہ حل ہو سکتا ہے۔
اسپیشل سیکرٹری آئی ٹی نے کہا کہ ایلون مسک نے پاکستان سے کوئی نیا رابطہ نہیں کیا ہے، ایلون مسک نےٹوئٹ کیا تھا کہ پاکستان سے منظوری کے منتظر ہیں۔ کہا پاکستان کے پاس اسٹارلنک جیسی سروس کی فراہمی کی صلاحیت نہیں۔
چیئرپرسن پلوشہ خان نے کہا کہ ایلون مسک کا بھارت سے گٹھ جوڑ نظر آتا ہے، بھارت نے ایلون مسک کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف الزامات کو پھیلایا۔