حملے کے بعد سیف علی خان کی سیکیورٹی کی ذمہ داری کس کو مل گئی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملے کے بعد ان کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور اب سیکیورٹی کی ذمہ داری اداکار رونت رائے کی فرم کے سپرد کردی گئی ہے۔
بالی ووڈ اداکار سیف علی خان گزشتہ ہفتے ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران چاقو حملے میں زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اداکار کو اب اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے، جس کے بعد وہ سخت سیکیورٹی کے حصار میں گھر پہنچ گئے ہیں۔
حملے کے بعد سيف علی خان نے اپنی سیکیورٹی ایجنسی بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اداکار رونت رائے کی سیکیورٹی فرم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ رونت رائے منگل کی شام سيف علی خان کے باندرہ میں واقع گھر پر موجود تھے۔ انہوں نے اداکار کو فراہم کی جانے والی سیکیورٹی کی تفصیلات سے متعلق میڈیا کو کچھ بھی بتانے سے گریز کیا۔
تاہم انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا، ’ہم پہلے ہی سیف کے ساتھ موجود ہیں۔ وہ اب ٹھیک ہیں اور گھر واپس آچکے ہیں‘۔
یاد رہے کہ بھارتی پولیس نے سیف علی خان پر حملہ کرنے والے مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ایک بنگلہ دیشی شہری شریف الاسلام شہزاد کو گرفتار کیا ہے جو غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوا تھا اور جعلی نام بیجوئے داس سے رہ رہا تھا۔
واضح رہے کہ گرفتار ملزم کو گزشتہ روز ممبئی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے مؤکل کے پاس سے کچھ برآمد نہیں ہوا، انہیں اس کیس میں پھنسایا جا رہا ہے۔
ملزم کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ملزم کے خلاف الزامات جھوٹے ہیں اور یہ معاملہ اس لیے توجہ کا مرکز کا بنا ہوا ہے کیونکہ ایک سیلیبریٹی اس میں ہدف بنے ہیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل کو اس ہائی پروفائل کیس میں قربانی کا بکرا بنا کر پھنسایا جا رہا ہے۔