پاکستانیوں کے حج اخراجات گزشتہ برس سے بھی کم ہوگئے، عازمین کی سہولیات میں اضافہ
وزارت مذہبی امور حتمی حج اخراجات کا اعلان چند روز میں کرے گی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومتی اقدامات سے حج اخراجات گزشتہ برس سے بھی کم ہوگئے ہیں، عازمین حج کو گزشتہ سال کی نسبت کم خرچ پر زیادہ سہولیات ملیں گی۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات کا حتمی تخمینہ تیار کرلیا گیا ہے،40 روز کے سرکاری حج پیکیج کی قیمت ساڑھے 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ وزارت مذہبی امور نے تخمینے کی بنیاد پر حج درخواستیں وصول کیں۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں معاہدوں کے بعد حج اسکیم کا حتمی تخمینہ تیار کرلیا گیا ہے، جس کے تحت کم دورانیے کے شارٹ حج پیکج کی قیمت 11 لاکھ روپے فی کس ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ تمام عازمین حج کو منیٰ میں روم کولر کی جگہ اب ایئرکنڈیشن کی سہولت ملے گی، کپڑے کے خیمے کی جگہ جیسم بورڈ اور میٹرس کی جگہ صوفہ کم بیڈ کی سہولت شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سال منیٰ میں عازمین حج کے لیے شیلف کی سہولت بھی حج پیکج میں شامل ہے، سعودی عرب میں معاہدوں کے بعد ہوٹل کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ہوٹل کے ڈبل بیڈ کے اضافی چارجز میں 74 ہزار روپے کم کردیے گئے، جس کے بعد ڈبل بیڈ کے 2 لاکھ 59 ہزار کی بجائے اب ایک لاکھ 85 ہزار روپے لیے جائیں گے، جبکہ ٹرپل بیڈ کے اضافی چارجز بھی ساڑھے 86 ہزار سے کم ہوکر 63 ہزار مقرر کردئے گئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور حتمی حج اخراجات کا اعلان چند روز میں کرے گی۔