بھارتی فلمساز مدھر بھنڈارکر نے ’وائفز آف بالی ووڈ‘ بنانے کا اعلان کرکے تہلکہ مچادیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مشہور بھارتی فلم ساز مدھر بھنڈارکر جو ’فیشن‘ اور ’پیج 3‘ جیسی فلموں کے لیے مشہور ہیں، نے تصدیق کی ہے کہ ان کی اگلی فلم بالی ووڈ کی بیویوں کی زندگیوں اور اسکینڈلز پر مبنی ہوگی۔
قومی فلم ایوارڈ اور پدما شری جیسے اعزازات حاصل کرنے والے، معروف فلم ساز مدھر بھنڈارکر، جو اپنی فلموں میں حساس موضوعات کو ہدایت دینے کے لیے جانے جاتے ہیں جیسے کہ چاندنی بار، ٹریفک سگنل، پیج 3، فیشن، کارپوریٹ اور ہیروئین وغیرہ، اب اپنی اگلی فیچر فلم کا موضوع ’بالی ووڈ ستاروں کی بیگمات‘ کو منتخب کرچکے ہیں۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھنڈارکر نے کہا کہ میں نے ایک فلم کا اعلان کیا ہے جس کا نام ’وائفز آف بالی ووڈ‘ ہے۔ یہ ایک مضبوط موضوع ہے اور بالی ووڈ کی بیویوں کی زندگیوں، ان کے جذباتی مسائل اور ان کی زندگیوں کے اسکینڈلز کے خفیہ گوشے اور منظر پیش کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت حساس معامہ ہوگا کیونکہ اس فلم سے بہت سے لوگوں کو بے آرامی ہوگی۔ یہ موضوع پچھلے 2 برس سے میرا پسندیدہ رہا ہے اور میں اس پر فلم بنانا چاہتا تھا۔ میں نے اس کے لیے 11 ڈرافٹس لکھے ہیں۔
فلم کے کاسٹنگ کے بارے میں پوچھے جانے پر بھنڈارکر نے جواب دیا کہ ابھی فائنل نہیں کیا لیکن میں اچھے اداکاروں کو کاسٹ کروں گا۔ میرے پاس بڑا بجٹ نہیں لیکن میرے پاس زبردست مواد ہے۔ یہ میری فلم ’پیج 3‘ خوفناک ورژن ہوگا کیونکہ ’وائفز آف بالی ووڈ‘ آنکھیں کھول دینے والی فلم ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *