سرکاری ہسپتالوں کے نظام کی بہتری کیلئے ینگ ڈاکٹرز کا کلیدی کردار جاری رکھیں گے، وائے ڈی اے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی عوام علاج کی مفت اور معیاری سہولیات کی فراہمی کا حق رکھتی ہے، جس کے لیے حکومت، ینگ ڈاکٹرز اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ہمیشہ اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ترجمان کے مطابق ینگ ڈاکٹرز کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جن میں مستقل ملازمتیں، تنخواہوں میں اضافہ، پروموشنز، رہائشی سہولیات، اور دیگر اہم مسائل شامل ہیں۔ انہوں نے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ساتھ ہونے والے اتفاق رائے کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ان مسائل کے حل سے بلوچستان میں صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کے پلیٹ فارم سے حالیہ جدوجہد میں اتحاد و نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے پر تمام ڈاکٹروں، سینئر رہنماں، اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کی جانب سے بلوچستان کی عوام اور ملازمین کے لیے آواز بلند کرنے پر ان کے مشکور ہیں۔ مزید برآں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی میزبانی میں ایسوسی ایشن پاکستان کا پہلا کنونشن بلوچستان میں کرانے کا اعلان کیا گیا، جس کی تاریخ کابینہ کی منظوری کے بعد دی جائے گی۔