پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں 109 فیصد کا اضافہ کس بات کی علامت ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کا دسمبر 2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 582 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ معیشت میں نئے انقلاب کی علامت ہے۔
پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس دسمبر 2024 میں 109 فیصد کے اضافے کے ساتھ 582 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں بہتری کی وجہ ایس آئی ایف سی کا تعاون اور ترسیلات زر میں اضافہ قرار دیا جارہا ہے۔
گزشتہ سال کے 279 ملین ڈالر کے سرپلس کے مقابلے میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کی یہ پانچویں ماہ کی مسلسل کامیابی ہے۔ پاکستان کا مجموعی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس جولائی سے دسمبر کے دوران 1.21 ارب ڈالر تک رہا۔
پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کو ترسیلات زر میں اضافے کے ساتھ ساتھ تجارتی توازن میں بہتری کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق، ورکرز کی ترسیلات زر دسمبر 2024 میں 3.079 ارب ڈالر رہیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہے۔
دسمبر 2024 میں پاکستان کی برآمدات 3.838 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔ ترسیلات زر کا پاکستان معاشی و مالی استحکام، ترقی اور غربت کے خاتمے میں اہم کردار ہے۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر پالیسیوں سے برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کا نیا سنگ میل ہے۔