ایلون مسک نے ٹویٹر کی مالی حالت کے بارے میں ملازمین کو کیا بتایا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا کے ٹیکنالوجی ٹائیکون ایلون مسک 2022 میں ٹویٹر خریدنے کے بعد اس کی ترقی کے دعوے کرتے آرہے ہیں تاہم اب اپنے ملازمین کو کیے گئے ای میل میں سے ٹویٹر کی خراب مالی حالت کا انکشاف ہوا ہے۔
معروف بین الاقوامی جریدے ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کے مطابق ایلون مسک نے ایکس یعنی سابقہ ٹویٹر کے ملازمین کو ای میل لکھ کر کمپنی کی خراب مالی حالت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جریدے کے مطابق ایلون مسک نے لکھا کہ کمپنی مالی اعتبار سے نہایت نازک صورت حال میں ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہمارے صارفین کی تعداد میں اضافہ رکا ہوا ہے، آمدنی غیرمتاثر کن ہے اور ہم بمشکل خسارے کو روک پارہے ہیں۔
امریکی سرمایہ دار ایلون مسک نے 2022 میں ٹویٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا جس کے بعد انہوں نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں اہم تبدیلیاں کیں۔ ایلون مسک کے زیر اثر ٹویٹر کا جھکاؤ دائیں بازو کے نظریات کی طرف ہوگیا۔
امریکا میں حالیہ صدارتی انتخابات میں ایلون مسک نے ٹویٹر کو ریپلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں استعمال کیا جس سے الیکشن میں ٹرمپ کے حق میں رائے سازی کی راہ ہموار ہوئی اور انہیں انتخابات میں کامیابی ملی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *