مغربی افریقہ سے 4 تارکین وطن پاکستان پہنچ گئے، مزید 22 افراد کی واپسی جلد متوقع
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں مغربی افریقہ کے ملک موریطانیہ میں پھنسے 4 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
وطن واپس آنے والے تارکین وطن سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اترے جبکہ مزید تارکین وطن کی لاہور میں آمد متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ مراکش کے قریب ہونے والے کشتی حادثے میں بچ جانے والے 22 پاکستانی آج سے وطن پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی لاشوں کو بھی جلد پاکستان لایا جارہا ہے اور ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ رواں مہینے کے شروع میں مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے غیرقانونی طور پر اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے والے کم از کم 50 تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے جن میں 44 افراد کا تعلق پاکستان سے تھا۔