پاکستان

شعیب اختر کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ، قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری بھی کھل کر میدان میں آ گئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے ساتھ سرکاری ٹی وی پر ہونے والی بدسلوکی کے معاملے پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی سابق سپیڈ سٹار کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں۔
نجی ٹٰ وی جیو نیوز کے مطابق سرکاری ٹی وی پر شعیب اختر کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر سابق کرکٹرز اور شوبز شخصیات سمیت وفاقی وزراء اور عوام نے بھی قومی ہیرو کا ساتھ دیا اور سرکاری ٹی وی کے میزبا کے رویے کو نامناسب قرار دیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی ہدایت پر بنائی گئی پی ٹی وی کی انکوائری کمیٹی نے تحقیقات کے بعد پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر دونوں کو ہی آف ائیر کرنے کا اعلان کر دیا۔

پی ٹی وی کے اس اقدام پر شعیب اختر نے حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں نے تو 22 کروڑ عوام اور اربوں ٹی وی ناظرین کے سامنے سرکاری ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بھی پی ٹی وی کے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری ٹی وی کو اپنے اندرونی معاملات میں بہتری کی ضرورت ہے، بجائے اس کے کہ ڈاکٹر نعمان نیاز سے معافی مانگنے کا کہا جاتا، سرکاری ٹی وی متاثرہ شخص پر ہی پابندی لگا رہا ہے۔اس معاملے پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی شعیب اختر کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر قاسم سوری نے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اخلاق سے قومیں بنتی اور بگڑتی ہیں، انسان کو جانوروں سے ممتاز کرنے والی اصل شے اخلاق ہے۔


قاسم سوری کا مزید کہنا تھا کہ اپنے عظیم قومی ہیرو کے ساتھ ایک نام نہاد کرکٹ ایکسپرٹ کے انتہائی جاہلانہ رویے کی شدید مذمت اور فوری کاروائی کا مطالبہ کرتا ہوں، یہ شعیب اختر کی نہیں ملک کی توہین ہے۔

متعلقہ خبریں