جسپریت بمراہ نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا
دبئی (قدرت روزنامہ) بھارتی سٹار فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ ایک اور اعزاز حاصل کرتے ہوئے بھارت کے لیجنڈری کرکٹرز سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی، راہول ڈریوڈ اور روی چندرن ایشون کی صف میں شامل ہو گئے۔ بمراہ نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر 2024 کا ایوارڈ جیت کر منفرد اعزاز اپنے نام کیا۔
نیوز 18 کے مطابق بمراہ نے یہ ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ، انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک کو شکست دی۔ 31 سالہ بھارتی باؤلر نے گزشتہ سال بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21 میچز میں مجموعی طور پر 86 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے 13 ٹیسٹ میچز میں 71 وکٹیں حاصل کیں جن میں پانچ میچز بیرونِ ملک کھیلے گئے، جبکہ آٹھ ٹی ٹوئنٹی میچز میں 15 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بمراہ کی کارکردگی اور بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے پر انہیں میگا ایونٹ کا پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار دیا گیا تھا۔
یہ ورلڈ کپ گزشتہ سال یکم جون سے 29 جون تک ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں کھیلا گیا تھا جس میں بمراہ نے اپنی باؤلنگ سے مخالف ٹیموں کو بے بس کر دیا اور بھارت کو چیمپئن بنایا۔