ملکی معیشت مثبت سمت کی جانب گامزن ،معاشی استحکام کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، جام کمال


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مثبت سمت کی جانب گامزن ہوچکی ہے ،معاشی استحکام کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے،معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے برآمدات بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے معیشت کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ مختلف ممالک سے تجارتی تعلقات میں اضافے کیلئے حکومت موثر اقدامات اٹھا رہی ہے اور ان اقدامات کے مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے نئی منڈیاں تلاش کر رہے ہیں،پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیںاور حکومت ان سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں کیونکہ صنعت سے ہی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے کام کر رہے ہیں،عالمی مارکیٹ تک رسائی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔ جام کمال خان نے کہا کہ حکومت مقامی انڈسٹری کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر کے ایکسپو سینٹرز میں نمائشوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ مقامی تاجر اور مقامی انڈسٹری اس سے مستفید ہو۔