’یادِ ماضی عذاب ہے یا رب‘، ریحام خان نے دلہن بنے ماضی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیا کہا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق اینکر، فلم پروڈیوسر اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہیں دلہن بنے دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے ریحام خان نے کیپشن میں لکھا ’یادِ ماضی عذاب ہے یا رب، چھین لے حافظہ میرا‘۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ہم نے وہ سب بوجھ برداشت کیا جو ہم پر ڈالا گیا تھا جیسے میک اپ، زیورات اور زنجیریں لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ مل کر دنیا کو بدلیں اور بیٹیوں کو آگے بڑھنے دیں۔
ریحام خان نے مزید کہا کہ بیٹیوں کو آزادی دیں وہ کبھی بھی آپ پر بوجھ نہیں بنیں گی بلکہ وہ آپ کا بازو بنیں گی اور بڑھاپے میں آپ کو سہارا دیں گی۔
یاد رہے کہ ریحام خان کی 1993 میں اعجاز رحمٰن کے ساتھ شادی ہوئی تھی جو سال 2005 میں ٹوٹ گئی تھی۔ اس کے بعد جنوری 2015 میں ریحام خان نے دوسری شادی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے کی تھی جو ان سے عمر میں 21 برس بڑے تھے۔ اکتوبر 2015 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔ جبکہ ریحام خان نے دسمبر 2022 میں مرزا بلال سے شادی کی ہے جو ان سے عمر میں چھوٹے ہیں۔