پاکستان ریلویز نے نئی ٹکٹ ریفنڈ پالیسی متعارف کرادی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ریلویز نے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) کاؤنٹرز اور آن لائن خریدے گئے ٹکٹوں کے لیے ریفنڈ پالیسی متعارف کرا دی ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پی او ایس کاؤنٹرز پر ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کو روانگی سے 48 گھنٹے قبل ٹکٹ منسوخ کرنے پر 90 فیصد ریفنڈ مل سکتا ہے۔
ریفنڈ پالیسی کے تحت روانگی سے 24 سے 48 گھنٹے قبل ٹکٹ منسوخی پر 80 فیصد رقم ریفنڈ کی جائے گی جبکہ 24 گھنٹے کے اندر کی گئی ٹکٹ منسوخی پر ٹکٹ کی 70 فیصد رقم واپس ملے گی۔
پالیسی کے مطابق اگر کوئی مسافر روانگی کے 2 گھنٹے کے اندر اندر اپنے ٹکٹ کی منسوخی کرائے گا تو اسے کرایہ کا 50 فیصد واپس کر دیا جائے گا۔
نئی پالیسی میں اعلان کیا گیا ہے کہ ایسے معاملات میں جہاں کوئی ٹرین منسوخ یا 6 گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر کا شکار ہو گی، تو اس کے مسافر اپنے ٹکٹ کی مکمل رقم کی واپسی کا مطالبہ کر سکتے ہیں، مسافر یہ رقم اپنی اصل ٹکٹ اور اپنے شناختی کارڈ کی کاپی پیش کرنے کے بعد پی او ایس کاؤنٹرز سے اپنی رقم لے سکتے ہیں۔
پالیسی کے تحت آن لائن بکنگ کے لیے رقم کی واپسی اصل کاؤنٹر سروس کے ذریعہ ڈیجیٹل طریقے سے پروسیس کی جائے گی۔ رقم کی واپسی کی شرائط پی او ایس کاؤنٹر سے ٹکٹ کی خریداری اور واپسی کی طرح ہی ہوگی، سوائے اس کے کہ جو ٹکٹ ٹرین کے روانہ ہونے کے بعد آن لائن منسوخ کی گئی ہو۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جب ٹرین کی روانگی کا وقت ایک گھنٹہ 30 منٹ سے کم ہوگا تو آن لائن ٹکٹ منسوخ نہیں کیے جائیں گے۔