’جو مرضی کہتے رہیں مجھے فرق نہیں پڑتا‘، معمر رانا کا متنازع ویڈیو پر ردعمل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار معمر رانا جن کی گزشتہ دنوں ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہیں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اب اپنی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’آپ میرے بارے میں جو مرضی کہتے رہیں مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا‘۔
وائرل ویڈیو میں اداکار معمر رانا کا مزید کہنا تھا کہ ’میں خوش ہوں کہ اللّٰہ تعالیٰ مجھے سے خوش ہیں‘۔
واضح رہے کہ معمر رانا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس پر مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معمر رانا کو چلنے میں دشواری ہو رہی ہے، اداکار اپنا توازن برقرار نہیں رکھ پا رہے اور ان کے ساتھی اداکار انہیں سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ منظر دیکھنے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی گئیں۔ صارفین کا کہنا تھا کہ اداکار نے شراب نوشی کی ہے جس کی وجہ سے نہ تو وہ چل پا رہے ہیں اور نہ کسی سے بات کر پا رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو کے بعد اداکارہ میرا بھی معمر رانا کے دفاع میں سامنے آئی تھیں انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ معمر رانا پاکستان کے سلمان خان ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ وہ غلط ہاتھوں میں ہیں، مجھے ان کی فکر ہو رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *