وزیراعلیٰ مریم نواز نے پہلی مکمل الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا،42 جدید ترین شیلٹر ، 9مخصوص چارجنگ سٹیشن بھی قائم
لاہور ( قدرت روزنامہ ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی پہلی مکمل ای وی بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے الیکٹرک بس میں سواری کی اور تفصیلی معائنہ بھی کیا۔لاہور میں الیکٹرک وہیکل بس سروس پائلٹ پراجیکٹ کے بارے میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ الیکٹرک بس میں جی پی ایس لوکیشن ریکارڈر،وائی فائی، یو ایس بی (USB)پورٹ اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔ الیکٹرک بس میں 30نشستیں،80مسافروں کی گنجائش ہو گی۔ الیکٹرک بس میں سپیشل افراد کے لیے ریمپ اور نشستیں مخصوص ہو گی۔ پہلی بار میں الیکٹرک بس میں مسافروں کے تحفظ کے لئے فرش پر اینٹی سلپ شیٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔پاکستان کی مکمل الیکٹرک بس کے لیے گرین ٹاؤن ہمدرد چوک ڈپو میں 9 مخصوص چارجنگ سٹیشن قائم کیے گئے،ہرچارجنگ کے بعد 250 کلومیٹر فاصلہ طے کر سکے گی اورچار مرتبہ روٹ مکمل کرسکے گی۔ بس میں مسافروں کی سہولت کے لئے روٹ ڈسپلے بھی نظر آئے گا۔ الیکٹرک بس میں خواتین کے لیے الگ فی میل سیکشن ہو گااوراس کیساتھ ساتھ ہراسانی کے واقعات کے سد باب کے لیے کیمرے بھی نصب ہوں گے۔
بریفنگ میں بتایاگیاکہ لاہورکے سب سے بڑے طویل ترین 21کلو میٹر روٹ پر 27الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن براستہ کوئینز روڈ، مزنگ، فیروز پور روڈ،کیمپس پل اور اچھر ہ نہرسے ای بس سروس شروع ہوگی۔ لاہور کی پہلی ای بس سروس پر 17ہزار مسافر روزانہ سفر کر سکیں گے۔ ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن روٹ ای وی بس سروس کا باقاعدہ آغاز فروری کے وسط میں ہوگا۔ ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن روٹ پر42 جدید ترین بس شیلٹر قائم ہونگے اورہر9منٹ کے بعد بس آئے گی۔ الیکٹرک بس کے لئے مخصوص ایپ بھی متعارف کرائی جائے گی اوربس کی ٹریکنگ ممکن ہو گی۔ الیکٹرک بس کا کرایہ ڈیجیٹل والٹ،ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعے ادا کیا جا سکے گا۔ یورنیورسل ٹرانسپورٹ کارڈ بھی ایشو کئے جائیں گے۔ الیکٹرک بس کے لئے70 ڈرائیور کی سپیشل ٹریننگ کا آغاز ہو گیا ہے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کابھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے بس سٹینڈ پر سولر فین اور واٹر کولر کی تنصیب کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اورہر بس سٹینڈ پرسیف سٹی کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے ای ٹیکسی کی پنجاب میں اسمبلنگ کا جائزہ لینے اور نجی اشتراک سے الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کے اقدامات کی ہدایت کی۔